مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار،مزید بادل برسنے کی پیشگوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد لاہور سمیت مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، جس سے گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، ٹاؤن شپ، مولانا شوکت علی روڈ، پیکو روڈ اور کوٹ لکھپت سمیت متعدد علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اس وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔



