فیفا ورلڈ کپ:مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے دی، نورا فتیحی کی پیشگوئی بھی درست ثابت

بوسٹن(جانوڈاٹ پی کے)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ سی کے اہم میچ میں مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو 0-1 سے شکست دے کر ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی جبکہ اداکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی کی میچ سے قبل کی گئی پیشگوئی بھی درست ثابت ہو گئی۔
میچ بوسٹن میں کھیلا گیا جہاں مراکش کی ٹیم نے شاندار آغاز کرتے ہوئے صرف 71 سیکنڈ میں برتری حاصل کر لی۔ اس فیصلہ کن گول کے بعد افریقی ٹیم نے پورے میچ میں مضبوط دفاعی حکمت عملی اپنائے رکھی اور برتری کو برقرار رکھا۔
نورا فتیحی اس میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود تھیں اور اپنی ٹیم کی بھرپور حمایت کرتی نظر آئیں۔ میچ سے قبل انہوں نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پیشگوئی کی تھی کہ میچ کا نتیجہ 1-0 ہوگا۔
انہوں نے اسٹیڈیم میں موجود اپنی تصاویر اور ویڈیوز میں بھی مراکش کی جرسی پہن کر ٹیم کے لیے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
بعد ازاں ایک اور ویڈیو میں انہوں نے یاد دلایا کہ دونوں ٹیمیں تقریباً 28 سال بعد ورلڈ کپ میں دوبارہ آمنے سامنے آئی ہیں اور ماضی میں بھی مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو 3-0 سے شکست دی تھی۔
ان کی درست پیشگوئی نے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کی اور مداحوں نے اسے خوش قسمت پیشگوئی قرار دیتے ہوئے سراہا۔
مراکش کی اس فتح کے بعد ٹیم گروپ سی میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرنے میں کامیاب رہی ہے۔



