ایشین ڈبل اسکواش چیمپئن شپ،پاکستان ٹیم ون نے فائنل میں جگہ بنالی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ٹیم ون نے میزبان ملائشیا کو شکست دے کر تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔وصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کے شہر سرا واک میں جاری تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپئن شپ میں ہفتہ کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان اور سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال نے 25 منٹ کے مقابلے کے بعد ملائیشیا کو 0-2 سے مات دی۔پاکستان نے ہمیشن راج چندرن اور جوا چم چوہا پر مشتمل ناکام ٹیم کے خلاف پہلا گیم 8-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں بھی 5-11 سے فتح حاصل کر کے ٹرافی پر نظریں مرکوز کرلیں۔پاکستان نےگزشتہ برس چیمپئن شپ میں سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔دوسری جانب سابق عالمی جونیئر چیمپئن محمد حمزہ خان اور انٹرنیشنل کھلاڑی محمد عاصم خان پر مشتمل پاکستان ٹیم ٹو نے سنگاپور کو محض13منٹ کے مقابلے کے بعد0-2سے قابو کرکے چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی۔پاکستان اسکواش فیڈریشن کے اعزازی سیکریٹری ایئر کموڈور ریٹائرڈ عامر نواز ٹیم مینیجر اور سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل کوچ کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔



