بجلی کے بلوں میں کیپیسٹی چارجز وصولی کااقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)بجلی کے بلوں میں کیپیسٹی چارجز کی وصولی کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا، پی پی آئی بی، سی پی پی اے اور وفاقی حکومت کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں کیپیسٹی چارجز کی وصولی آئین سے متصادم ہے۔

درخواست گزار کے مطابق عوام سے غیر استعمال شدہ بجلی کے اخراجات وصول کرنا غیر قانونی ہے، جبکہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر مالی ضمانتیں دینا آئین کے آرٹیکل 166 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیپرا کو عوام پر “گھوسٹ انرجی” کے اخراجات منتقل کرنے کا ذریعہ بنایا گیا ہے۔

اپیل میں سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ صارفین سے غیر پیدا شدہ اور غیر استعمال شدہ بجلی کے چارجز کی وصولی روکی جائے۔

مزید استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کو تمام کیپیسٹی پیمنٹ معاہدے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور بجلی کے نرخوں و کیپیسٹی چارجز کے نظام کا آئینی جائزہ لیا جائے۔

یہ اپیل خاتون اشباء کامران کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button