عوامی حقوق کا ڈرامہ فلاپ، عمائدین کا کالعدم ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان


مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)کوٹلی کی نامور شخصیات محمد آزاد، حامد محمود اور ظفر اقبال نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی مبینہ انتشار انگیز پالیسیوں سے خود کو الگ کرتے ہوئے اس سے باضابطہ لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
رہنماؤں نے اپنے بیانات میں خود کو قانون پسند اور محب وطن قرار دیتے ہوئے ریاستِ پاکستان کی مکمل حمایت کا عزم دہرایا۔
کوٹلی آزاد کشمیر کے محمد آزاد نے کہا کہ وہ ماضی میں ایکشن کمیٹی کا حصہ رہے ہیں، تاہم پابندی کے بعد انہوں نے قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اس سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
اسی طرح حامد محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پابندی سے قبل تک ایکشن کمیٹی سے وابستہ تھے، مگر اب ان کا اس تنظیم سے کوئی تعلق نہیں رہا۔
کوٹلی کے ظفر اقبال نے کہا کہ چونکہ عوامی ایکشن کمیٹی کو حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دیا جا چکا ہے، اس لیے وہ اس سے مکمل طور پر لاتعلق ہیں۔
مقامی رہنماؤں کے ان بیانات کو خطے میں سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔