پاکستانی نژاد فلک راجہ دولتِ مشترکہ کیلئے برطانیہ کی نوجوان سفیر منتخب

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ کے شہر نیلسن سے تعلق رکھنے والی20سالہ فلک راجہ کو دولتِ مشترکہ (کامن ویلتھ) کیلئے برطانیہ کی نوجوان سفیر منتخب کر لیا گیا ہے۔وہ یوتھ کونسل یوکے کے نو تشکیل شدہ ایگزیکٹو بورڈ میں شامل چار نوجوان سفیروں میں سے ایک ہوں گی اور بین الاقوامی سطح پر نوجوانوں کے مسائل اور حقوق کی نمائندگی کریں گی۔فلک راجہ ان19نوجوان رہنماؤں میں شامل ہیں جن کی عمریں16سے25سال کے درمیان ہیں اور جو یوتھ کونسل یوکے کے نئے ایگزیکٹو بورڈ کی قیادت کریں گے۔یہ بورڈ برطانیہ،کراؤن ڈیپنڈنسیزاوراوورسیز ٹیریٹریز میں موجود200سے زائد نوجوان تنظیموں کے وسیع نیٹ ورک کی نمائندگی کرتا ہے، جو تقریباً 78 لاکھ نوجوانوں تک رسائی رکھتا ہے۔

اپنے انتخاب پر ردِعمل دیتے ہوئے فلک راجہ نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد فخر اور عاجزی محسوس کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی کا مقصد ہمیشہ سماجی انصاف کے فروغ اور تعلیم کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا رہا ہے۔انہوں نے کہا برطانیہ اور بیرونِ ملک موجود تمام نوجوانوں سے میرا وعدہ ہے کہ میں ان کی بھرپور نمائندگی کروں گی اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کروں گی کہ نوجوانوں کی آواز نہ صرف سنی جائیں بلکہ وہ اس مثبت تبدیلی کی محرک بھی بنیں جس کے ہم سب حقدار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button