پاکستان اورایران نےتجارت کاحجم10ارب ڈالر تک بڑھانے پراتفاق کرلیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور ایران نےتجارت کاحجم10ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیاہے۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ اقتصادی تعلقات، سرمایہ کاری اور سرحدی تجارت کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے ایرانی سفیر کو یقین دہانی کروائی کہ باہمی اقتصادی تعاون کی راہ میں حائل مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق ایران نے پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی فراہم کرنے کی پیشکش کی، جبکہ دونوں ممالک نے مشترکہ اقتصادی منصوبوں کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی تجارت میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا اور روزانہ سرحد پار کرنے والے تجارتی ٹرکوں کی تعداد 2,000 تک بڑھانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان اور ایران نے رمدان گبد اسپیشل اکنامک زون کو جلد فعال بنانے کے فیصلے کا اعادہ کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button