ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کی نوید، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

لاہور، اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ملک کے مختلف حصوں میں بادلوں کی انٹری کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج سے لاہور سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 52 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ دوپہر کے اوقات میں لاہور میں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جن میں طارق روڈ، بہادر آباد، صدر، کھارادر، لیاقت آباد اور عزیز آباد شامل ہیں۔
ایبٹ آباد میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ سرگودھا، دریا خان، وزیرآباد، سانگلہ ہل، میانوالی، پسرور اور سوہدرہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے اور یہ سلسلہ 20 جون تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، سرگودھا، میانوالی، بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لاہور، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔



