نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کی مقبولیت نئے ریکارڈ قائم کرنے لگی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نادرا کی ڈیجیٹل سروسز کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ پاک آئی ڈی نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے مجموعی ڈاؤن لوڈز 1 کروڑ 81 لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں، جبکہ صرف نومبر 2025 سے مئی 2026 کے دوران 81 لاکھ 70 ہزار نئے ڈاؤن لوڈز ریکارڈ کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین اس ایپ کے سب سے بڑے صارفین ہیں، جن کی تعداد 71 لاکھ سے زائد ہے، جبکہ آئی او ایس پلیٹ فارم پر بھی 10 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ڈاؤن لوڈز کیے گئے۔

مارچ سے مئی 2026 کے دوران شہریوں نے شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا بھرپور استعمال کیا اور مجموعی طور پر 13 لاکھ 61 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کروائی گئیں۔

ماہانہ بنیاد پر درخواستوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا، مارچ میں 3 لاکھ 96 ہزار، اپریل میں 4 لاکھ 47 ہزار اور مئی میں 5 لاکھ 17 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری اب قومی شناختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت متعدد خدمات گھر بیٹھے حاصل کر رہے ہیں، جس سے روایتی دفاتر پر بوجھ بھی کم ہوا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button