وزیر موصوف نے ایوان میں حقائق مسخ کیے، اسد قیصر کی قومی اسمبلی میں شدید تنقید

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات نے ایوان میں حقائق کو مسخ کیا اور غلط بیانی کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ ملک میں آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کی بات کرتی رہی ہے، جبکہ اصل سوال یہ ہے کہ کس دور میں کتنا قرض لیا گیا اور اس کا بوجھ عوام پر کیسے پڑا۔

اسد قیصر نے کہا کہ حکومت سے سوال ہونا چاہیے کہ عوام کو کس شعبے میں ریلیف دیا گیا ہے اور معیشت میں کتنی حقیقی بہتری آئی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں گندم کے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے اور کسان طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں کمی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ متعدد ملٹی نیشنل کمپنیاں ملک سے جا چکی ہیں۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپوزیشن کے مؤقف کو سنے اور معیشت سمیت تمام اہم معاملات پر شفاف بحث کو یقینی بنائے۔

مزید خبریں

Back to top button