ایران کو کبھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دونگا، نیتن یاہو

لندن(جانوڈاٹ پی کے)نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جب تک وہ اسرائیل کے وزیرِاعظم ہیں ایران کو کبھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے اور اس پر امریکی صدر بھی مکمل طور پر متفق ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اظہار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم نیتن یاہو گزشتہ تین دہائیوں سے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف عالمی سطح پر جدوجہد کی قیادت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے اگر نیتن یاہو یہ جدوجہد نہ کرتے تو ایران بہت پہلے اسرائیل کو تباہ کرنے کے لیے ایٹم بم حاصل کرچکا ہوتا۔
بیان میں الزام لگایا ہے کہ ایران کا مقصد اسرائیل کو ختم کرنا ہے اور انہوں نے اپنی سیاسی زندگی اسی خطرے کو روکنے کے لیے وقف کر رکھی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم دفتر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور ان کے درمیان اس معاملے پر مکمل اتفاق پایا جاتا ہے۔ دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کو ایٹمی صلاحیت حاصل نہیں کرنے دیں گے۔
خیال رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک ممکنہ معاہدہ قریب ہو سکتا ہے۔
اسی پس منظر میں نیتن یاہو نے اپنی حکومت کا مؤقف واضح کرتے ہوئے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف سخت موقف کا اعادہ کیا۔



