ایرانی سپریم لیڈر نے معاہدے کی منظوری دے دی، جلد دستخط ہوں گے، ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے پر آئندہ چند دنوں میں، ممکنہ طور پر اسی ہفتے کے اختتام پر یورپ میں کسی مقام پر دستخط کیے جا سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ معاہدے سے متعلق دستاویزات کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور تمام فریقین اس عمل کو جلد مکمل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ بہت جلد مکمل ہو جانا چاہیے اور ایران بھی اس پیشرفت کا اتنا ہی خواہاں ہے جتنا دیگر متعلقہ فریق ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ان کے خیال میں ایران کے سپریم لیڈر نے بھی اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد معاہدے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔

امریکی صدر نے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر دستخط کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے، تاہم نائب صدر جے ڈی وینس امریکی وفد کی نمائندگی کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی معاہدہ حتمی شکل اختیار کرے گا، امریکہ فوری طور پر ایرانی بندرگاہوں پر عائد پابندیاں ختم کر دے گا، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی سپلائی میں اضافہ اور قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو نہ صرف ایران پر عائد معاشی دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ عالمی توانائی مارکیٹ پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button