سعودی عرب نے5سال بعد لبنانی درآمدات پرپابندی ختم کردی

جدہ(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب نے تقریباً5سال بعد لبنان سے درآمدات پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ فیصلہ ولی عہد محمد بن سلماں کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس کی توثیق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔اجلاس میں گزشتہ ایک سال کے دوران لبنان کی جانب سے ریاستی اداروں کی بحالی، داخلی استحکام اور سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ لبنان نے بھی متعدد بار یقین دہانیاں بھی کرائیں جن کی روشنی میں درآمدات پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ فئصل بن فرحان نے لبنانی وزیراعظم نواز سلام سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔گفتگو کے دوران سعودی عرب نے لبنان کے استحکام، خودمختاری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ اب لبنان کو اپنی سرزمین کسی بھی ایسے گروہ یا سرگرمی کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہوگا جو پڑوسی ممالک کی سلامتی اور استحکام کے خلاف ہو۔بیان میں اس امید کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ لبنانی حکومت اصلاحات اور ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کے عمل کو جاری رکھے گی۔یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب لبنانی صدر جوزف عون اور وزیراعظم نواف سلام نے سعودی ولی عہد سے پابندی ہٹانے کی درخواست کی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button