’’ناجائز تعلقات پرمجھے بلیک میل کیاگیا‘‘بل گیٹس نے کمیٹی کو سب سچ بتادیا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور دنیا کے معروف ارب پتی کاروباری شخصیت بل گیٹس نے بدنام زمانہ امریکی مالیاتی شخصیت اور سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے اپنے تعلقات کے حوالے سے امریکی ایوانِ نمائندگان کی نگرانی کمیٹی کے سامنے تفصیلی گواہی دی ہے۔

بند کمرے میں ہونے والی اس سماعت کے بعد بل گیٹس نے اپنا ابتدائی بیان بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے ایپسٹین سے روابط اور بعد میں پیش آنے والے معاملات پر روشنی ڈالی۔بل گیٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں کبھی ایسا کوئی اشارہ یا ثبوت نہیں ملا جس سے معلوم ہوتا کہ جیفری ایپسٹین کسی جاری مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہے۔ ان کے مطابق وہ نہ کبھی ایپسٹین کے نجی جزیرے گئے، نہ اس کی رہائش گاہوں پر اور نہ ہی فلوریڈا میں موجود اس کے گھر کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ان کے اور ایپسٹین کے درمیان کوئی قریبی ذاتی تعلق تھا۔

بل گیٹس کے مطابق ان کی پہلی ملاقات2011میں ہوئی تھی،جب وہ اپنے فلاحی منصوبوں کیلئے مالی معاونت اور سرمایہ کاروں کی تلاش میں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایپسٹین خود کو ایسا شخص ظاہر کرتا تھا جو عالمی صحت کے منصوبوں کے لیے اربوں ڈالر جمع کر سکتا ہے اور بااثر شخصیات تک رسائی رکھتا ہے۔اسی بنیادپرچندملاقاتیں ہوئیں،تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ ایپسٹین اپنے دعووں کو عملی شکل دینے میں سنجیدہ نہیں ہے۔بل گیٹس نے بتایا کہ 2011 اور 2012 کے دوران ان کی ایپسٹین سے چند ملاقاتیں ہوئیں، لیکن دسمبر 2014 میں انہوں نے تمام رابطے ختم کر دیے۔ ان کے مطابق نہ کوئی خیراتی فنڈ قائم ہو سکا اور نہ ہی کسی منصوبے کے لیے مالی وسائل اکٹھے کیے جا سکے، جس کے بعد انہوں نے اس تعلق کو آگے بڑھانے سے انکار کردیا۔گواہی کے دوران بل گیٹس نے ان ای میلز کا بھی حوالہ دیا جو ایپسٹین سے متعلق دستاویزات میں سامنے آئی تھیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایپسٹین ان کی ازدواجی زندگی سے باہر تعلقات کے بارے میں معلومات استعمال کر کے ان پر دباؤ ڈالنا چاہتا تھا۔ گیٹس کے مطابق یہ معاملات ان کی ذاتی زندگی سے متعلق تھے اور ان کا ایپسٹین کے ساتھ ملاقاتوں سے کوئی تعلق نہیں تھا، تاہم اس طرزِ عمل نے ان کے خاندان کو ضرور تکلیف پہنچائی۔بل گیٹس نے کہا کہ بعد میں منظرِ عام پر آنے والی دستاویزات سے واضح ہوتا ہے کہ ایپسٹین ان کی ذاتی زندگی سے متعلق معلومات اور بعض غلط بیانیوں کو استعمال کرکے دوبارہ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ابتدا میں ایپسٹین سے ملاقات کرنا ان کی ایک بڑی غلطی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button