اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے الیکشن کالعدم قرار دینے کا فیصلہ غیر قانونی قرار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات کالعدم قرار دینے کا فیصلہ غیر قانونی قرار دے دیا، عدالت نے قرار دیا کہ کسی بھی انتخابی عمل کو محض الزامات کی بنیاد پر کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا اور نہ ہی منتخب عہدیداروں کو سنے بغیر ان کے حقوق متاثر کئے جا سکتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جاوید اقبال وینس نے درخواست گزار شکیل احمد شیخ کی آئینی درخواست منظور کرتے ہوئے 32 صفحات پر مشتمل تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے پی سی بی ایڈجوڈیکیٹر کی جانب سے 27 مئی 2025 کو دیا گیا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے شکیل احمد شیخ کو بطور صدر اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ پی سی بی ایڈجوڈیکیٹر نے کیس کا فیصلہ کرتے ہوئے بنیادی قانونی تقاضے پورے نہیں کئے اور نہ ہی فریقین کا مؤقف اور شواہد مکمل طور پر سنے گئے، ایڈجوڈیکیٹر نے اہم قانونی اعتراضات پر غور کئے بغیر اور شواہد قلمبند کئے بغیر انتخابی تنازعے کا فیصلہ سنایا، جو انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ کسی بھی انتخابی عمل کو محض الزامات کی بنیاد پر کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا اور نہ ہی منتخب عہدیداروں کو سنے بغیر ان کے حقوق متاثر کئے جا سکتے ہیں، مزید کہا گیا کہ انتخابات کو کالعدم قرار دینے سے قبل متاثرہ فریقین کو شامل کرنا لازمی تھا، جو اس کیس میں نہیں کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق شکیل احمد شیخ 2023 میں بلا مقابلہ اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے تھے، تاہم پی سی بی نے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر منتخب عہدیداروں کو اختیارات استعمال کرنے سے روک دیا تھا، درخواست گزار کے وکیل تفضل رضوی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ پی سی بی آئندہ انتخابات سے قبل شفاف انتخابی عمل یقینی بنائے اور ووٹر لسٹوں کی تیاری، کلب سٹیٹس اور ووٹر اہلیت کی جانچ متعلقہ قواعد کے مطابق کی جائے، عدالت نے مزید حکم دیا کہ پی سی بی ایڈجوڈیکیٹر آئندہ کسی بھی تنازعے میں تمام فریقین کا مؤقف اور شواہد سن کر ہی فیصلہ کرے۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ پی سی بی ایک ایسا ادارہ ہے جو قانونی و آئینی دائرہ اختیار رکھتا ہے، لہٰذا اس کے فیصلے عدالتی نظرثانی کے دائرے میں آ سکتے ہیں۔



