پاکستانی فٹبال کا تاریخی کارنامہ: افغانستان کو شکست دے کر ڈائمنڈ جوبلی ٹورنامنٹ جیت لیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چئیرمین پی سی بی کی پاکستان کی فٹبال ٹیم کو ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارک باد۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے خلاف فائنل میں شاندار کامیابی نے پوری قوم کو خوشی اور فخر کا احساس دلاتے ہوئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی بھی دعا کی۔
دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی مالدیپ میں ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان فٹبال ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس نے فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فٹبالرز نے میدان میں شاندار کھیل اور غیر معمولی جذبے کا مظاہرہ کر کے تاریخ رقم کی، طویل عرصے بعد پہلا انٹرنیشنل فٹبال ٹائٹل جیتنا پاکستان فٹبال کے نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ فٹبال ٹیم کی تاریخی فتح ہر سپورٹس مین کے لیے باعثِ تقلید اور حوصلہ افزا ہے، انہوں نے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی محنت کی تعریف اور مستقبل کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اضح رہے کہ پاکستان نے ڈائمنڈ جوبلی 4 ملکی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں افغانستان کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
قومی ٹیم نے پورے ایونٹ میں ناقابلِ شکست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کی۔اس کامیابی کو پاکستانی فٹبال کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ملک میں فٹبال کے فروغ اور بحالی کی کوششوں کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔



