کراچی:جہیز میں موٹر سائیکل نہ ملنے پر شوہر کا نوبیاہتا دلہن پر بہیمانہ تشدد، دوران علاج دم توڑ گئی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے علاقے سرجانی میں جہیز میں موٹر سائیکل نہ لانے پر نوبیاہتا دلہن پر ہولناک تشدد کیا گیا، خاتون دوران علاج چل بسی۔ لیاری کے علاقے کلری میں ایک شخص کو بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
سرجانی ٹاؤن سیف المری گوٹھ کی رہائشی 18 سال کی مصباح 19 مارچ کو شہریار بٹ نامی شخص سے پسند کی شادی کی، اور اب دنیا میں نہیں رہی۔
پولیس نے قتل کا مقدمہ اس کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا، جس میں شوہر کو نامزد کیا گیا ہے۔ شہریار بٹ پر الزام ہے کہ وہ شادی کے بعد سے ہی مصباح پر تشدد کررہا تھا، اس کو شکایت تھی کہ جہیز میں موٹر سائیکل کیوں نہیں دی گئی۔
7 جون کو شہریار نے مصباح پر پیچ کَس اور دیگر اوزاروں سے بدترین تشدد کیا اور گھر سے نکال دیا۔ تشدد کے باعث مصباح کے سر اور جسم کے مختلف حصوں پر اندرونی چوٹیں آئی تھیں اور تین دن بعد اس کا انتقال ہوگیا۔
بیوی کے مبینہ قتل کا دوسرا واقعہ لیاری کے علاقے کلری میں پیش آیا جہاں گزشتہ روز حنا نامی خاتون کی لاش گھر میں پائی گئی۔ حنا کی بہن کا الزام ہے کہ اس کا بہنوئی گزشتہ 6 سال سے حنا کو بات بے بات تشدد کا نشانہ بنارہا تھا اور اب اس نے گلا دبا کر حنا کی جان لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور پوسٹ مارٹم کے بعد حقائق کا تعین کیا جاسکے گا۔
اورنگی ٹاون میں پیش آئے ایک اور واقعے میں دعا نامی خاتون پر الزام ہے کہ اس نے اپنے سابق شوہر کے ساتھ مل کر موجودہ شوہر حمزہ کو قتل کیا ہے۔ ملزمہ اپنے جرم سے انکاری ہے تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ہے۔



