پریم یونین کسی ایک گروہ یا چند افرادکی نہیں بلکہ تمام ریلوے ملازمین کی مشترکہ تنظیم ہے،شیخ محمدانور

میرپورخاص(شاھدمیمن /جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین سی بی اے کے مرکزی قائدشیخ محمد انور نے کہا ہے کہ پریم یونین کسی ایک گروہ یا چند افراد کی نہیں بلکہ تمام ریلوے ملازمین کی مشترکہ تنظیم ہے اس کے دروازے ہر اس کارکن کے لیے کھلے ہیں جو اپنے حقوق، ادارے کی ترقی اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کرنا چاہتا ہے۔ ہم آپ کے ساتھ دام درم، سخن ہر سطح پر کھڑے ہیں اور ریلوے مزدوروں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے وہ پریم یونین کے مرکزی دفتر میں ڈرائیور ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کی جانب سے پریم یونین میں شمولیت کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے ملاقات کے دوران یہ بھی طے پایا کہ بہت جلد پریم یونین کی مرکزی قیادت کو لاہور شیڈ میں ایک بڑے پروگرام کے لیے مدعو کیا جائے گا جہاں ڈرائیور برادری اور دیگر ریلوے ملازمین کی شرکت سے ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں مزدوروں کے مسائل، ادارے کی بہتری اور مستقبل کی تنظیمی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی یاد رہے کہ پاکستان ریلوے میں ڈرائیور برادری کو ہمیشہ ایک مؤثر، منظم اور طاقتور کیٹگری کی حیثیت حاصل رہی ہے۔ ریلوے آپریشن کی کامیابی اور مسافروں کی محفوظ نقل و حمل میں ڈرائیور حضرات کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ پریم یونین میں لاہور ڈویژن کے ڈرائیوروں کی شمولیت کو تنظیمی استحکام اور مزدور اتحاد کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پریم یونین کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ سلسلہ صرف لاہور تک محدود نہیں رہے گا بلکہ آنے والے دنوں میں راولپنڈی، پشاور، ملتان، سکھر، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے ریلوے ڈرائیور برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے مزدور حقوق کی مضبوط اور مؤثر تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی اتحاد، مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے نہ صرف ریلوے ملازمین کے مسائل حل ہوں گے بلکہ پاکستان ریلوے کو ایک مضبوط، فعال اور ترقی یافتہ ادارہ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا جا سکے گا اس موقع پر ڈرائیور ایسوسی ایشن کے رہنما طارق علی تنویر حسین عبدالحفیظ مظفر محمود مرژا عمران بیگ نقشب داؤد عمران خان محمد زاھد اسلم شکیل احمد سجاد رضا حافظ شاہد پرویز زیب حسن رضوان خالد محمد شبیر ریحان اکرم وسیم زاھد ڈاکٹر اشتیاق عرفان خضر حیات غلام مصطفی شیخ فیاض احمد شہزاد جنید خرم یاسر علی و دیگر موجود تھے۔



