نگرپارکر میں محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس، صفائی، سکیورٹی اور بنیادی سہولیات پر زور

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) اسسٹنٹ کمشنر نگرپارکر کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم کے ایام کے دوران امام بارگاہوں اور جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امام بارگاہوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے گا، سڑکوں اور راستوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے دوران ایمبولینس، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی تعیناتی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

امام بارگاہوں کے متولیان نے اجلاس کے دوران شکایت کی کہ شہر میں صفائی کا نظام بہتر نہیں ہے، اسٹریٹ لائٹس خراب پڑی ہیں اور فقیر کی پڑ کے سامنے گندے پانی کی نالیاں کھلی ہوئی ہیں، جس کے باعث محرم کے ایام میں آنے والے قافلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کی جانب سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ نگرپارکر میں باہر سے آنے والے افراد کی مکمل چیکنگ کی جائے اور پولیس و رینجرز کو آنے والوں کا ریکارڈ رکھنے کی ہدایت دی جائے تاکہ سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جا سکے۔

اجلاس میں مختارکار نگرپارکر/اسلام کوٹ اور ٹاؤن آفیسر نگرپارکر کی غیر حاضری بھی نوٹ کی گئی۔

اجلاس میں امام بارگاہوں اور مساجد کے متولیان، ایس ایچ او نگرپارکر/دانو دانہل، ٹاؤن عملہ، صحافی، واپڈا عملہ، اسپتال عملہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button