چھاچھرو میں اونٹنی کی آنکھیں نکالنے کا دلخراش واقعہ، 2 ملزمان گرفتار

تھرپارکر (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) چھاچھرو کے علاقے میں ایک اور اونٹنی تشدد کا شکار ہوگئی، کھیت میں گھسنے پر اونٹنی پر لوہے راڈ سے سے وار کیے گئے جس سے اس کی دونوں آنکھیں ضائع ہوگئی۔ تھرپارکر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
سیکریٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق تشدد کا شکار اونٹنی کی حالت علاج کے بعد مستحکم ہو گئی ہے، اونٹنی اب کھڑے ہونے، چلنے اور کھانے پینے کے قابل ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جانوروں پر ظلم کسی بھی مہذب معاشرے میں برداشت نہیں کیا جا سکتا، بے زبان جانور پر ڈھایا گیا ظلم انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے، واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق تشدد سے 13 سالہ اونٹنی کی دائیں آنکھ مکمل طور پر ضائع ہوگئی، بائیں آنکھ میں شدید سوجن اور سوزش پائی گئی۔ اونٹنی کے جسم پر متعدد زخم اور تشدد کے نشانات پائے گئے، ویٹرنری ماہرین کی خصوصی ٹیم متاثرہ گاؤں میں تعینات کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اونٹنی کو اینٹی بائیوٹکس، درد کم کرنے والی ادویات اور غذائی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، روزانہ طبی معائنوں کے ذریعے اونٹنی کی صحت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر حلیم جاگیرانی نے اونٹنی کے جاری علاج کا جائزہ لیا اور اس کے مالک سے ملاقات کی۔



