ٹھری میر واہ میں کوئلے سے لدی مال بردار ٹرین کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

ٹھری میرواہ(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) کوٹ لالو کے قریب ریلوے لائن پر کوئلہ سے لدی مال بردار ٹرین کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے بعد ریلوے انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کا شکار مال گاڑی پنجاب سے کراچی جا رہی تھی کہ راستے میں دو بوگیاں اچانک ٹریک سے اتر گئیں۔ واقعے کے بعد روہڑی سے ریسکیو کرین طلب کر لی گئی ہے جبکہ متاثرہ بوگیوں کو دوبارہ ٹریک پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے حادثے کے باوجود اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے اور مسافر ٹرین آپریشن متاثر نہیں ہوا۔
ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ بحالی کا کام ریلیف ٹرین اور کرین کی مدد سے جلد مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔



