بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بڑی تبدیلی، کیش ادائیگی نظام ختم کر کے ڈیجیٹل والٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور(ویب ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت لاکھوں مستحقین کے لیے بڑا اصلاحاتی فیصلہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت پرانا کیش ادائیگی نظام مرحلہ وار ختم کر کے اسے مکمل طور پر ڈیجیٹل والٹ سسٹم سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔
نئے نظام کے پہلے مرحلے میں نقد ادائیگی کا روایتی طریقہ ختم کیا جائے گا، جس کے بعد مستحقین کو طویل قطاروں اور کیش وصولی کے پیچیدہ عمل سے نجات ملے گی اور رقوم براہِ راست بینک اکاؤنٹس یا موبائل والٹس میں منتقل کی جائیں گی۔
دوسرے مرحلے میں نظام کو مکمل طور پر خودکار بنایا جائے گا، جس میں اہل افراد کو کسی دفتر جانے یا فارم جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ ڈیٹا بیس کے ذریعے خودکار طور پر ان کا اندراج بینک یا موبائل والٹ سے کر دیا جائے گا۔
تیسرے مرحلے میں مختلف بینکنگ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جیسے حبیب بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، جاز کیش اور ایزی پیسہ کو اس نظام سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ اضلاع کے حساب سے سروس کی تقسیم بھی کی جائے گی۔
چوتھے مرحلے میں ادائیگی کے حصول کے لیے بائیومیٹرک تصدیق (انگوٹھے کے نشان) لازمی قرار دی گئی ہے، جس کے بعد مستحقین اے ٹی ایم، بینک برانچز یا مجاز ریٹیل پوائنٹس سے رقم حاصل کر سکیں گے۔
پانچویں مرحلے میں اس نظام کو مزید وسعت دیتے ہوئے موبائل والٹ کے ذریعے رقم کی منتقلی اور براہِ راست خریداری جیسی سہولیات بھی شامل کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق آخری مرحلے میں مکمل ڈیجیٹل انٹیگریشن کے بعد آئندہ قسط کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ اس وقت سارا فوکس نئے ڈیجیٹل والٹ سسٹم کی تیاری پر ہے۔



