سولرصارفین کیلئےدوہری بلنگ،نیپرا قوانین اوراحکامات نظرانداز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے سولر صارفین کے کنکشنز کی بلنگ میں نیپرا قوانین اور وزارتِ پاور ڈویژن کے احکامات کو نظرانداز کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق متعدد سولر صارفین کو اپریل میں نیٹ میٹرنگ پالیسی اور مئی میں نیٹ بلنگ ریگولیشنز کی بنیاد پر مختلف طریقہ کار کے تحت بلز جاری کیے گئے، جس سے صارفین کو مبینہ طور پر دوہری بلنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق اپریل میں یونٹس کے حساب سے 25 روپے فی یونٹ بجلی خریدی گئی، جبکہ مئی میں قومی ٹیرف کے نفاذ کے بعد ایکسپورٹ یونٹس کی قیمت 8 روپے فی یونٹ مقرر کر دی گئی، جس سے صارفین کو ریلیف کے بجائے اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا۔
صارفین کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد انہوں نے لیسکو کے مختلف دفاتر سے رجوع کرنا شروع کر دیا ہے اور وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل نیٹ میٹرنگ معاہدوں کے تحت مختلف صارفین کو ریلیف دیا جا رہا تھا، تاہم حالیہ پالیسی تبدیلیوں اور نفاذ میں ابہام کے باعث بلنگ کے طریقہ کار پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایات اور نیپرا کی منظوری کے باوجود عملدرآمد میں تضادات سامنے آنے پر معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔



