نورا فتحی کا فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے نیا گانا ’سیئر سیئر‘ ریلیز، عالمی میوزک پروجیکٹ میں شامل


ممبئی (ویب ڈیسک) مراکشی نژاد بالی ووڈ اداکارہ، ڈانسر اور گلوکارہ نورا فتحی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل میوزک پروجیکٹ کے تحت اپنا نیا گانا “سیئر سیئر” ریلیز کر دیا ہے۔
یہ گانا فیفا کے آفیشل میوزک البم کا حصہ ہے، جس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے فنکاروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لایا گیا ہے۔ “سیئر سیئر” کو میوزک پروڈیوسر سنجوئے اور فرانسیسی گلوکار ویجیڈریم کے ساتھ مل کر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ نورا فتحی فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 12 جون 2026 کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے BMO فیلڈ میں منعقد ہوگی۔
نورا فتحی نے اپنے نئے گانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس میں مختلف ثقافتوں کا امتزاج شامل ہے۔ ان کے مطابق یہ گانا ان کی ذاتی اور ثقافتی شناخت—مراکش، کینیڈا اور بھارت—کی جھلک پیش کرتا ہے۔
واضح رہے کہ نورا فتحی نے اس سے قبل قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں بھی اپنی پرفارمنس سے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔