بنگلہ دیش کی تاریخی فتح، 21 سال بعد آسٹریلیا کو ون ڈے میں 86 رنز سے شکست

میرپور(ویب ڈیسک) بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے 3 میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 86 رنز سے شکست دے کر کینگروز کے خلاف 21 سال بعد ون ڈے میں فتح حاصل کرلی۔
دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر میزبان بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 284 رنز سکور کیے۔مصدق حسین نے ناقابلِ شکست 86 رنز کی اننگز کھیلی، نجم الحسن شانتو نے 67 رنز بنائے جبکہ تنزید حسن نے 54 رنز سکور کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیام اسکاٹ اور میٹ رینشا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، زیویئر بارٹلیٹ 1 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم مشکلات کا ہی شکار رہی۔42.2 اوورز میں آسٹریلیا نے 9 وکٹوں پر 191 اسکور کیے تو بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا جس کے بعد کھیل شروع نہ ہوسکا اور یوں بنگلا دیش نے آسٹریلیا کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 86 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
کیمرون گرین نے 52 رنز اور ایلکس کیری نے 47 رنز بنائے۔بنگلا دیش کی جانب سے ناہید رانا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش نے آسٹریلیا کے خلاف 21 سال بعد ون ڈے کرکٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل بنگلا دیش نے آخری بار 18 جون 2005 کو کارڈف میں آسٹریلیا کو ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
بنگلا دیش اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے کل کھیلا جائے گا اور سیریز کا آخری ون ڈے 14 جون کو شیڈول ہے اس کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز 17، 19 اور 21 جون کو چٹوگرام میں کھیلے جائیں گے۔



