فرانس کا ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کے مکمل نفاذ کا مطالبہ

پیرس(ویب ڈیسک) فرانس نے ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کے مکمل نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر سفارتی دباؤ میں اضافے کا عندیہ دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر جیروم بونافون نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر دوبارہ بحال کی گئی سلامتی کونسل کی پابندیوں پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے، اور اس کے لیے فوری طور پر نگرانی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مؤقف صرف فرانس کا نہیں بلکہ امریکہ، یورپی اور بعض عرب ممالک کی جانب سے بھی پیش کیا جا رہا ہے، کیونکہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
فرانسیسی سفیر کے مطابق مسئلے کا حل صرف ایک ایسے قابلِ اعتماد، مضبوط اور قابلِ تصدیق معاہدے کے ذریعے ممکن ہے جس پر تمام فریق متفق ہوں۔
انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور جوہری تنازع کے پائیدار حل کے لیے بین الاقوامی نگرانی اور تعاون انتہائی اہم ہے۔



