ٹھٹھہ: دھان کی پیداوار میں اضافے کے لیے سرسبز کسان کنونشن، جدید کھاد کے استعمال پر زور

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے )گھارو کے مقامی ہال میں فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کی جانب سے “دھان کی منافع بخش پیداوار” کے عنوان سے سرسبز کسان کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں زرعی ماہرین، سرکاری افسران اور آبادگاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ماہرین نے اس موقع پر کہا کہ دھان کی پیداوار بڑھانے میں کھاد کا بنیادی کردار ہے اور معیاری کھاد کے استعمال سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ زمین کی زرخیزی بھی بہتر ہوتی ہے۔

فاطمہ فرٹیلائزر کے ٹیکنیکل سروسز مینیجر ڈاکٹر سعید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی انقلاب کے لیے منافع بخش کھادوں کا استعمال ناگزیر ہے، اور کاشتکار اگر جدید زرعی طریقے اپنائیں تو بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھان کی بہتر پیداوار کے لیے فاطمہ فرٹیلائزر کی سرسبز نائٹروفاس اور کیلشیم امونیم نائٹریٹ کھاد کا استعمال مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

کنونشن کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن حیدرآباد ڈویژن ڈاکٹر غلام مجتبیٰ لاکھو نے کہا کہ دھان کی پیداوار میں اضافہ کھاد کے مؤثر استعمال سے ہی ممکن ہے اور فاطمہ فرٹیلائزر معیاری کھاد کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

فاطمہ فرٹیلائزر کے ڈویلپمنٹ مینیجر عبدالصمد ابڑو سمیت دیگر ماہرین نے بھی کسانوں کو جدید زرعی طریقوں اور کھاد کے بہتر استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی۔

سیمینار میں محکمہ زراعت کے افسران، زرعی ماہرین اور ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے آبادگاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس اقدام کو زرعی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button