محرم الحرام: ضلع گھوٹکی میں سخت سیکیورٹی پلان منظور، 596 مجالس اور 89 جلوسوں کیلئے 3 ہزار اہلکار تعینات

گھوٹکی (رپورٹر وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، مجالس اور ماتمی جلوسوں کے پرامن انعقاد اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ضلع گھوٹکی میں سخت حفاظتی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر منظور احمد کنرانی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس، پاک آرمی، رینجرز، حساس اداروں، محکمہ صحت، سیپکو، میونسپل اداروں اور مختلف مکاتبِ فکر کے علماء و رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عاشورہ محرم کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے ذریعے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ اسلحہ کی نمائش اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے سیپکو حکام کو ہدایت کی کہ ڈھیلی بجلی کی تاروں کی مرمت کی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے، جبکہ بلدیاتی اداروں کو صفائی، نکاسی آب، اسٹریٹ لائٹس اور کھلے مین ہولز فوری بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

محکمہ صحت کو بھی ہدایت دی گئی کہ عاشورہ کے دوران تمام اسپتالوں میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینس سروسز کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔

اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹر حافظ عبدالقادر چاچڑ نے بتایا کہ ضلع بھر میں تقریباً 596 مجالس اور 89 ماتمی جلوس منعقد ہوں گے، جن کی سیکیورٹی کے لیے تقریباً 3 ہزار پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر مختلف مکاتبِ فکر کے علماء اور رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں

Back to top button