وزیراعظم کی گلگت میں پیپلزپارٹی کی فتح پر صدر زرداری اور بلاول کو مبارکباد


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں پرامن، شفاف اور بھرپور سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ انتخابات کے انعقاد پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کی بھی تعریف کی اور انہیں انتخابی کارکردگی پر شاباش دی۔
شہباز شریف نے تمام کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے کر جمہوریت کو مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ شفاف و غیر جانبدار انتخابات جمہوریت کا حسن ہیں۔ وزیراعظم نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی پرامن ماحول یقینی بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔