کروڑوں کے فنڈز، سہولیات ناپید! یو سی 03 اور یو سی 10 کے مکینوں کا شدید احتجاج

میرپورخاص(شاہد میمن\جانوڈاٹ پی کے) بلدیاتی اداروں کی جانب سے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف یونین کمیٹی 03 اور یونین کمیٹی 10 کے رہائشی سراپا احتجاج بن گئے اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ میرپورخاص میونسپل کارپوریشن کی دو ٹاؤنز، ٹاؤن سید خادم علی شاہ اور ٹاؤن میر شیر محمد ٹالپر سمیت 22 یونین کمیٹیوں کے لیے ماہانہ کروڑوں روپے کا بجٹ مختص ہونے کے باوجود شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
رہائشیوں کے مطابق مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، نکاسی آب کا ناقص نظام اور پینے کے لیے بدبودار و آلودہ پانی شہریوں کے لیے سنگین مسائل بن چکے ہیں۔ یو سی 03 اور یو سی 10 کی ابتر صورتحال سامنے آنے پر عوام میں شدید غم و غصہ اور مایوسی پائی جاتی ہے۔
احتجاج کرنے والوں نے الزام عائد کیا کہ کاغذی کارروائیوں میں مسائل کے حل کے دعوے کیے جاتے ہیں، جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بلدیاتی دور میں علاقے کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔
مظاہرین کے مطابق یو سی 03 کے چیئرمین خلیل احمد شیخ اور یو سی 10 کے چیئرمین رزاق ہاشمانی کو ہر ماہ تقریباً 12،12 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے جاتے ہیں، تاہم ترقیاتی کاموں پر انتہائی کم رقم خرچ کی جاتی ہے۔
رہائشیوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران دونوں یونین کمیٹیوں کو مجموعی طور پر تقریباً 8 کروڑ 64 لاکھ روپے کے فنڈز موصول ہوئے، لیکن علاقے میں ترقیاتی کام نظر نہیں آتے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فنڈز کے استعمال کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور صفائی، سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔



