اوکاڑہ میں غریب محنت کش کا گھر آگ کی نذر، لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر


اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں\ جانوڈاٹ پی کے)نواحی علاقے نول پلاٹ کے قریب چک نمبر 11 جی ڈی کالا پور میں ایک رہائشی گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں غریب محنت کش کا لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر راکھ ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق آگ ناصر نامی شہری کے گھر میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے فوری بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مقامی افراد کے تعاون سے آگ پر قابو پالیا، تاہم گھر میں موجود قیمتی سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں نے متاثرہ خاندان کے لیے امداد اور حکومتی معاونت کی اپیل بھی کی ہے۔