کوہستان کے مکین بنیادی سہولیات سے محروم، احتجاج کی دھمکی

ٹھٹھہ(جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے)تعلقہ ٹھٹھہ کے کوہستانی گاؤں وڈیرو محمود برفت کے رہائشیوں محمد ملوک برفت، وڈیرو محمد عیسیٰ برفت، عمرالدین برفت، پیارو برفت، خداداد برفت، کریم بخش برفت، نیاز برفت سمیت علاقہ کے دیگر دیہات کے مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ووٹر ہونے کے باوجود انہیں اپنی ہی حکومت میں بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے، جس کے باعث انسان اور مویشی دونوں مشکلات کا شکار ہیں۔ دیہاتی دور دراز علاقوں سے پانی لانے یا خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں صحت، تعلیم، روزگار، سڑک، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں۔
رہائشیوں کے مطابق مہنگائی اور بے روزگاری نے متعدد خاندانوں کو غربت اور فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، جبکہ خارش، جلدی امراض، دست، الٹی، ملیریا، ڈائریا اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض سرکاری اسپتال نہ ہونے کے باعث علاج سے محروم ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ منتخب نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور پارٹی رہنماؤں کو بارہا آگاہ کرنے کے باوجود مسائل حل نہیں کیے گئے۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ سندھ، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ پینے کے پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات فوری فراہم کی جائیں، بصورت دیگر وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے۔



