گلگت بلتستان: پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنا پری پول دھاندلی ہے، بیرسٹر گوہر

گلگت(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو انتخابی مہم چلانے سے روکنا پری پول دھاندلی کے مترادف ہے اور یہ جمہوری عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔

گلگت بلتستان میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جو سیاسی رہنما اپنے حلقوں میں شکست کھا چکے، وہ اب گلگت بلتستان کے عوام سے ووٹ مانگنے آئے ہیں، تاہم جی بی کے باشعور اور خوددار عوام ایسے عناصر اور ان کے بیانیے کو مسترد کریں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی رہنماؤں اور اراکین قومی اسمبلی کو روکنا اور صوبہ بدر کرنا آئین اور جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہے، جس کا مقصد پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مخالفین کی گزشتہ چند برسوں کی کارکردگی صرف پی ٹی آئی کو روکنے تک محدود رہی تاکہ انتخابی میدان میں فائدہ حاصل کیا جا سکے، تاہم عوام ایسے ہتھکنڈوں سے متاثر نہیں ہوں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پی ٹی آئی کی مبینہ سیاسی “آئیسولیشن” ختم نہ کی گئی تو پارٹی قیادت اسمبلیوں کے بائیکاٹ سمیت دیگر سیاسی آپشنز پر غور کر سکتی ہے، جبکہ حالات برقرار رہنے کی صورت میں سسٹم سے باہر جانے کا فیصلہ بھی زیر غور آ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button