ٹرمپ کا سی این این پر فیک نیوز پھیلانے کا الزام، ایران معاہدے میں جوہری شقیں شامل ہونے کا دعویٰ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کے حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے CNN کی رپورٹنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق نہایت مضبوط اور تفصیلی شقیں شامل ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ سی این این نے ایک بار پھر "فیک نیوز” پھیلائی اور غلط رپورٹ کیا کہ ایران سے متعلق معاہدے میں جوہری امور کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

امریکی صدر کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ معاہدے میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا اور جوہری معاملات اس مجوزہ معاہدے کا بنیادی اور مرکزی حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ انتہائی مضبوط، جامع اور تفصیلی ہے، جس کا بڑا حصہ جوہری پروگرام اور اس سے متعلق مختلف پہلوؤں پر مشتمل ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں سی این این کی ساکھ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ نئی ملکیت کے تحت یہ ادارہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کر پاتا ہے یا نہیں۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، تاہم کسی واضح نتیجے تک پہنچنے سے پہلے مذاکرات کے بارے میں کوئی حتمی رائے دینا مناسب نہیں ہوگا۔

عباس عراقچی نے کہا کہ قیاس آرائیوں کو اہمیت نہیں دینی چاہیے اور مذاکراتی عمل کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

ادھر صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی مؤقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی، جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اس وقت انتہائی کمزور پوزیشن میں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button