شام پر پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ، صدر احمد الشرع کا ٹرمپ سے اہم رابطہ

دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) شامی صدر احمد الشرع اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں شام کی معیشت، امریکی پابندیوں اور خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شام کے صدارتی دفتر کے مطابق گفتگو کے دوران صدر احمد الشرع نے زور دیا کہ شام پر عائد باقی ماندہ امریکی پابندیوں کا خاتمہ ملک کی اقتصادی بحالی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

شامی صدر نے کہا کہ پابندیوں کے مکمل خاتمے سے تعمیرِ نو کے عمل میں تیزی آئے گی اور ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔

دوسری جانب امریکی مؤقف کے مطابق شام پر عائد بیشتر پابندیاں پہلے ہی ختم کی جا چکی ہیں، تاہم بعض پابندیاں بدستور برقرار ہیں۔

امریکا نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ وہ شام کو دہشت گردی کی معاون ریاست قرار دینے کی حیثیت پر نظرِثانی کر رہا ہے۔ اس درجہ بندی کے تحت امریکی امداد، دفاعی برآمدات اور متعدد مالیاتی لین دین پر پابندیاں عائد رہتی ہیں۔

مبصرین کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ رابطہ شام اور امریکا کے تعلقات میں ممکنہ پیش رفت اور خطے میں سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button