تمباکو نوشی کسی بھی مہلک مرض سے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے،مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)عالمی یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمباکو نوشی کسی بھی مہلک مرض سے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے اور تمباکو ایک وبا سے بھی بدتر شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو کا ہر کش ایک نئی بیماری کی طرف قدم بڑھانے کے مترادف ہے، جبکہ تمباکو نوشی محض ایک عادت نہیں بلکہ اپنی صحت، معیشت اور معاشرت پر خودکش حملے کے برابر ہے۔
مریم نواز شریف کے مطابق پنجاب میں سکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی پر پابندی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی جرم ہے اور اس قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی اور ویپ کے استعمال سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، کیونکہ نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک کی ایک بڑی وجہ تمباکو نوشی اور ویپ کا استعمال ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا صرف حکومت ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تمباکو نوشی کے باعث سالانہ اڑھائی لاکھ سے زائد اموات کے اعداد و شمار تشویشناک اور تکلیف دہ ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے پیاروں کو صحت مند اور سگریٹ کے دھوئیں سے پاک ماحول فراہم کریں اور آج ہی تمباکو نوشی ترک کرکے صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کا عہد کریں۔



