یومِ تکبیر ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت، پاکستان ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے، صدر آصف زرداری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع، قومی خودمختاری اور مضبوط دفاعی صلاحیت کی علامت ہے۔

یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن دن تھا، جس نے ملک کو سٹریٹیجک خودمختاری عطا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنا ایٹمی پروگرام قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت شروع کیا اور آج قوم اپنے سائنسدانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عالمی دباؤ، اقتصادی پابندیوں اور بیرونی چیلنجز کے باوجود پاکستان نے اپنے قومی مفادات کا بھرپور تحفظ کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی خطے میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کی ضامن ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ جدید جنگوں میں سائبر وار فیئر، مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈرون ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کریں گے، لہٰذا پاکستان کو جدید دفاعی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار، پُرامن اور ایٹمی صلاحیت رکھنے والی ریاست ہے، جو کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتی، تاہم کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button