کراچی میں غیرت کے نام پر لرزہ خیز قتل، نوبیاہتا جوڑے کا قاتل 15 گھنٹوں میں گرفتار

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کراچی کے علاقے ملیر سعود آباد میں دن دہاڑے نوبیاہتا جوڑے کو قتل کرنے کے ہولناک واقعے میں پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، جو مقتولہ خاتون کا حقیقی بھائی نکلا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ساجد کو سچل کی حدود میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے دورانِ تفتیش بہن نادیہ اور بہنوئی نجیع اللہ کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف بھی کرلیا۔
واقعہ پیر کی شام سعود آباد میں نادرا آفس کے قریب پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ حملے میں گاڑی کی پچھلی نشست پر موجود پسند کی شادی کرنے والا نوبیاہتا جوڑا موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
قتل کا مقدمہ مقتول نجیع اللہ کے بھائی محمد عثمان کی مدعیت میں مقتولہ کے والد محمد اسلم اور چار نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کی بہن کی منگنی مبینہ طور پر سعید گوپانگ سے ساڑھے تین لاکھ روپے کے عوض ہوئی تھی اور عید کے بعد شادی طے تھی، تاہم بہن نے پسند کی شادی کرلی جس پر سابق منگیتر کی جانب سے رقم واپسی کا دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق رقم واپس نہ ہونے پر مقتولہ کو قتل کرنے کی شرط رکھی گئی تھی، جبکہ واردات کے وقت موٹرسائیکل چلانے والا شخص مبینہ طور پر سابق منگیتر سعید گوپانگ کا بھائی عابد گوپانگ تھا۔
واضح رہے کہ مقتول نجیع اللہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ عدالت سے واپس حیدرآباد جا رہا تھا کہ راستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کے بعد ڈرائیور اور ایک اور شخص کو جان بچانے کیلئے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔



