2مزید ایل این جی ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزر کر بحیرۂ عرب میں داخل

لندن(جانوڈاٹ پی کے)ایل این جی لے جانے والے2ٹینکرز آبنائے ہرمز سے گزر کر بحیرۂ عرب میں داخل ہو گئے۔برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ شپنگ انٹیلی جنس کمپنی ’میرین ٹریفک‘ کے مطابق یہ دونوں جہاز قطر سے ایل این جی لے کر چین اور پاکستان جا رہے ہیں اور اس وقت بحیرۂ عرب میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور خام تیل بردار ٹینکر ہفتے کے روز آبنائے ہرمز عبور کر کے چین کے شہر ننگبو کی جانب روانہ ہوا۔شپنگ ڈیٹا کے مطابق ’الریان‘ نامی ٹینکر، جو 56 ہزار ٹن ایل این جی لے جا رہا ہے، پیر کو علی الصبح آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے گزرتے ہوئے خلیج سے نکل گیا۔ اس جہاز کی 27 جون کو چین کے شہر ژوشان پہنچنے کی توقع ہے۔دوسرا ایل این جی ٹینکر ’فویرت‘ منگل کو پاکستان میں ایل این جی اتارنے والا ہے۔ میرین ٹریفک کے مطابق اس جہاز نے اتوار کی صبح آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے غیر معمولی طور پر اپنی لوکیشن نشر کی۔ یہ ٹینکر 27 مارچ کو قطر کی راس لفان بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔



