ایرانی صدر نے عالمی برادری کو جوہری ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی کرادی

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران عالمی برادری کو یہ یقین دہانی کرانے کے لیے تیار ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہا ہے اور نہ ہم خطے میں بدامنی چاہتے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوری ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تہران سفارت کاری اورعلاقائی استحکام کے لیے پرعزم ہے اور مغربی ایشیا میں جنگ اور عدم تحفظ کا اصل سبب ایران نہیں بلکہ اسرائیل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یقین دلانے کے لیے تیار ہیں کہ ہم ایٹمی ہتھیار بنانے کے خواہاں نہیں ہیں اور نہ ہی خطے میں بدامنی چاہتے ہیں، اصل مسئلہ اسرائیل کی حکومت ہے جو ہر موقعے کو جنگ اور عدم استحکام برقرار رکھنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔



