وزیرآباد،پاکستان سنی تحریک کے بانی محمد سلیم قادری کا یومِ شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان سنی تحریک کے بانی و امیرِ شہداء اہلِ سنت محمد سلیم قادری کا یومِ شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں سینئیر صحافی ڈاکٹرملک آصف علی اور علمدار حسین نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر محمد جاوید اقبال بٹ نے کہا کہ تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ اور حقوقِ اہلِ سنت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ محبِ رسول ﷺ ہونا اور صحابہ کرامؓ و اہلِ بیت اطہارؓ سے محبت سنی تحریک کا تنظیمی ضابطہ? حیات ہے۔انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان میں مذہبی فرقہ واریت کی قطعی کوئی گنجائش نہیں ہے اور تمام طبقات کو اتحاد و یگانگت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر دیگر علماء کرام اور قائدین حضرت علامہ مفتی محمد ادریس القاسمی حضرت علامہ مولانا قاری عبدالرحمن جامی حضرت علامہ مولانا ڈاکٹر پروفیسر احسان الحق سعیدی حضرت علامہ قاری پیر حسنات احمد محمدی سیفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک مکمل اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانا بانی سنی تحریک محمد سلیم قادری کا خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دینی و سیاسی طبقات کو ذاتی اختلافات پسِ پشت ڈال کر اسلام اور بقائے پاکستان کے لیے مشترکہ سوچ اور جدوجہد کو فروغ دینا ہوگا۔مقررین نے کہا کہ اتحادِ امت، استحکامِ پاکستان اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ محمد سلیم قادری کی دینی، ملی اور تنظیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



