وزیرآباد،دارارقم اسکول الہ آباد میں ریسکیو اہلکاروں کی عملی مشقیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) ریسکیو 1122 وزیرآباد کی جانب سے دارارقم اسکول الہ آباد میں طلبہ و طالبات کے لیے آگاہی سیمینار اور عملی تربیتی ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا ریسکیو اہلکاروں نے سیمینار کے دوران طلبہ کو مختلف حادثات اور ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر اقدامات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔ اس موقع پر ڈوبنے والے شخص کو بچانے، متاثرہ فرد کے پیٹ سے پانی نکالنے اور مصنوعی سانس کے ذریعے سانس بحال کرنے کے عملی طریقے بھی سکھائے گئے ریسکیو ٹیم نے آتشزدگی کے واقعات سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات بارے کہا  کہ آگ لگنے کی صورت میں ریسکیو فائر فائٹرز کی آمد سے قبل کس طرح ابتدائی کوششوں سے آگ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ طلبہ کو فائر سیفٹی آلات کے استعمال اور ہنگامی انخلاء کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا سیمینار میں بجلی کا جھٹکا لگنے کی صورت میں انسانی جان بچانے کے طریقوں، ابتدائی طبی امداد اور روڈ سیفٹی قوانین کے بارے میں بھی مفید معلومات فراہم کی گئیں  طلبہ و طالبات نے عملی مشقوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور ریسکیو اہلکاروں سے مختلف سوالات بھی کیے اسکول انتظامیہ نے ریسکیو 1122 وزیرآباد کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیتی سرگرمیاں طلبہ میں ذمہ داری، احتیاط اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button