وزیرآباد،شدید گرمی کے باعث مدرسے کا طالب علم جاں بحق

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے نوجوان کی جان لے لی۔ گلگت بلتستان سے دینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے وزیرآباد آنے والا نجی مدرسے کا طالب علم مبینہ طور پر گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔شفیق اللہ نامی طالب علم، جو گلگت کا رہائشی بتایا جاتا ہے، وزیرآباد کے نواحی علاقے باگڑیاں میں واقع ایک نجی مدرسے میں زیرِ تعلیم تھا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شدید گرمی کے باعث اس کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ حالت غیر ہونے پر اسے طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔اہل علاقہ اور مدرسے کے طلبہ نے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ متوفی کی نماز جنازہ اور آبائی علاقے منتقلی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ملک بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی کی لہریں اور موسمی شدت ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرناک اثرات کی عکاسی کر رہی ہیں۔ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ، درختوں کی کٹائی اور ماحولیاتی آلودگی انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہے۔ خصوصاً بچوں، بزرگوں اور طلبہ کو شدید گرمی میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہیشہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں اور مدارس میں گرمی سے بچاؤ کے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔



