اداکارہ مومنہ اقبال کے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے پر سنگین الزامات، مریم نواز سے ایکشن کا مطالبہ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے\ ویب ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مومنہ اقبال نے دعویٰ کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ایک ایم پی اے کی جانب سے مسلسل آن لائن ہراسانی، ذہنی اذیت اور دھمکیوں کا نشانہ بن رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس سے رجوع کیا گیا تاہم سیاسی اثر و رسوخ کے باعث اب تک مؤثر کارروائی عمل میں نہیں آ سکی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کی شکایات دبانے کی کوشش کی گئی جبکہ بعض بااثر حلقوں کی جانب سے خاموش رہنے کے لیے دباؤ بھی ڈالا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانونی کارروائی کی کوشش کے بعد ان کے خاندان کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
اداکارہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ اختیارات کے غلط استعمال اور انصاف میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔



