تھرپارکر فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں کروڑوں روپے کی خرد برد کا انکشاف، حکومت کا سخت نوٹس، رپورٹ طلب

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے ضلع تھرپارکر میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور عملے کی جانب سے تقریباً ایک کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ فراڈ کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر سیکریٹری فوڈ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق میرپورخاص ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر میرپورخاص کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ضلع تھرپارکر کی فلور ملز اور چکی مالکان کی جانب سے ایک درخواست جمع کرائی گئی، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے بعض اہلکاروں نے سال 2024 کے دوران تقریباً 10 ملین روپے کی سنگین مالی خرد برد کی۔
درخواست گزاروں کے مطابق مذکورہ عرصے کے دوران نہ تو فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے گندم جاری کی گئی اور نہ ہی فلور ملز یا چکی مالکان نے کوئی گندم وصول کی، جبکہ بینک میں کسی قسم کا چالان بھی جمع نہیں کرایا گیا، جو مبینہ بڑے مالی فراڈ کی نشاندہی کرتا ہے۔
سیکریٹری فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے اسٹاف آفیسر نذیر احمد ابڑو کی جانب سے جاری کردہ خط میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ معاملے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے مشترکہ رپورٹ ہر صورت کل تک سیکریٹری آفس میں جمع کرائی جائے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رپورٹ میں تمام حقائق، تحقیقات کی نوعیت اور ذمہ دار افسران کی نشاندہی واضح طور پر کی جائے تاکہ قانون کے مطابق ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اس مراسلے کی نقول ڈائریکٹر فوڈ سندھ، وزیر خوراک کے پرسنل اسٹاف اور دیگر اعلیٰ حکام کو بھی آئندہ کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔



