اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں میں جدید سہولیات سے آراستہ مویشی منڈیاں قائم

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ضلع کی تینوں تحصیلوں میں جدید سہولیات سے آراستہ مویشی منڈیاں قائم، انتظامی افسران کے ہنگامی دورے، انتظامات کا جائزہ، حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ نگرانی ضلع کی تینوں تحصیلوں میں عید قرباں کے سلسلہ میں بیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کے لیے تمام جدید سہولیات سے آراستہ مویشی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مختلف منڈیوں کے دورے کیے اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نے منڈیوں کے دورے کے دوران سیکورٹی، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، لائٹنگ اور جانوروں کے لیے چارے و طبی امداد کے کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ افسران نے خریداروں اور بیوپاریوں سے بات چیت کی اور ان سے انتظامات کے بارے میں فیڈ بیک بھی لیا۔ دورے کے دوران افسران نے منڈی کے عملے کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منڈیوں میں سائے کے لیے شامیانوں، رات کے وقت لائٹس کے متبادل انتظام اور پارکنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ گرمی اور رش کے موسم میں شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مویشی منڈیوں کے قیام کا مقصد شہریوں اور دور دراز سے آنے والے بیوپاریوں کو ایک چھت تلے تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں کسی بھی قسم کی ناجائز وصولی یا اوور چارجنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے پولیس اور مقامی انتظامیہ الرٹ ہے۔ اس کے علاوہ ان مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں کو تمام مطلوبہ سہولیات بھی بہم پہنچائی جا رہی ہیں



