پوپ لیو نے امریکی اسرائیلی حملوں کے خلاف منصفانہ اور منطقی مؤقف اپنایا، ایرانی صدر

تہران(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو کا ایران پر امریکی حملوں کے خلاف اخلاقی مؤقف اختیار کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پوپ لیو نے حملوں کے خلاف منصفانہ اور منطقی موقف اپنایا، یہ حملے جھوٹے بہانوں کے تحت کیے گئے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ امریکی اسرائیلی کارروائیاں جاری مذاکرات کے دوران ہوئیں، ٹرمپ کے ایران سے متعلق بیانات خطرناک اور شرمناک ہیں، ٹرمپ کے بیانات طاقت کے غلط تصور اور جارحانہ رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔

ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیاں نہ صرف ایران بلکہ عالمی قوانین کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

دوسری طرف اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بحران کی ذمہ داری امریکا اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوتی ہے، خطے میں توانائی کی منڈیوں اور عالمی سپلائی چینز میں شدید عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران کو ایک سال کے اندر 2 بار غیر قانونی حملوں کا سامنا کرنا پڑا، ایران پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، حملوں میں ہزاروں شہری خصوصاً خواتین اور بچے جان سے گئے، بنیادی انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

امیر سعید ایروانی نے مزید کہا کہ بحران کی اصل وجہ اسرائیل اور امریکہ کی فوجی کارروائیاں ہیں، ایران کی تیل، گیس اور پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملوں سے عالمی توانائی سپلائی متاثر ہوئی ہے، کشیدگی کے خاتمے کی صورت میں ایران آبنائے ہرمز کو معمول پر لانے کے لیے تیار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button