حافظ آباد میں زرد تربوز کی کاشت میں اضافہ، منفرد ذائقہ اور بڑھتی طلب نے کسانوں کو امید دلادی

حافظ آباد (جانوڈاٹ پی کے)حافظ آباد میں زرد تربوز کی کاشت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے مقامی منڈیوں اور شہریوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ چاول اور گندم کی پیداوار کے لیے مشہور اس ضلع میں اب جدید زرعی تحقیق کے تحت زرد تربوز کی کاشت بھی تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔

گرمی کے موسم میں شہری روایتی سرخ تربوز کے ساتھ ساتھ زرد تربوز کے منفرد، میٹھے اور رس بھرے ذائقے سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ کاشتکاروں کے مطابق اس سیزن میں پہلی بار جدید اور مہنگے بیجوں کے ذریعے زرد تربوز کی کاشت کی گئی ہے۔

زمینداروں کا کہنا ہے کہ اس تربوز کی مٹھاس زیادہ، خوشبو منفرد اور ذائقہ روایتی تربوز سے بالکل مختلف ہے، تاہم اس کی کاشت پر لاگت عام تربوز کے مقابلے میں زیادہ آئی ہے۔

کاشتکاروں کے مطابق مارکیٹ میں زرد تربوز کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے جس سے بہتر منافع کی توقع کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے بھی اس نئے پھل میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور اسے منفرد ذائقے کے باعث سراہا ہے۔

کاشتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جدید زرعی سہولیات، سبسڈی اور سرپرستی فراہم کی جائے تاکہ اس نئی فصل کی کاشت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق منفرد رنگ، ذائقے اور بڑھتی ہوئی طلب کے باعث حافظ آباد کا زرد تربوز مستقبل میں بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو ملکی زراعت اور معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button