نیتن یاہو کا غزہ کے 60 فیصد علاقے پر قبضے کا دعویٰ

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی افواج اب غزہ کی پٹی کے 60 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر چکی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنگ بندی منصوبے میں طے شدہ علاقے سے آگے بڑھتے ہوئے غزہ میں مزید علاقوں پر قبضہ کیا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر تشدد جاری ہے اور جنگ بندی کو مستحکم بنانے اور جنگ کے خاتمے کی کوششیں تعطل کا شکار ہیں۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ ’گزشتہ دو برسوں میں ہم نے دنیا کو دکھایا کہ ہماری قوم، ریاست، فوج اور ورثے میں کتنی طاقت موجود ہے‘۔

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ’ہم اپنے تمام یرغمالیوں کو واپس لے آئے ہیں۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ غزہ سے  نکل جاؤ، ہم نہیں نکلے۔ آج ہم 60 فیصد علاقے پر کنٹرول رکھتے ہیں‘۔

اکتوبر سے جاری امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے تحت اسرائیلی افواج کو غزہ میں ایک مخصوص ’ییلو لائن‘ تک محدود ہونا تھا جس کے تحت وہ 50 فیصد سے کچھ زائد علاقے پر کنٹرول رکھتی تھی۔

نیتن یاہو کا یہ بیان اس بات کا پہلا سرکاری اشارہ ہے کہ اسرائیلی فوج اپنے دائرہ کار کو مزید بڑھا رہی ہے جبکہ حالیہ ہفتوں میں سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج ایک نئی ’اورنج لائن‘ تک پیش قدمی کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button