اداکارہ تبوکا بالی ووڈ میں خواتین کی مشکلات اور عمر کے اثرات پر کھل کراظہار خیال

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)اداکارہ تبو نے حال ہی میں بالی ووڈ میں خواتین کے لیے کام کرنے کی مشکلات اور انڈسٹری میں عمر کے اثرات پر کھل کر بات کی ہے۔
مضبوط اداکاری کے لیے جانی جانے والی 54 سالہ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ بالی ووڈ میں اداکارہ کی صلاحیتوں سے زیادہ اس کی عمر پر زور دیا جاتا ہے۔
تبو نے کہا کہ لوگ آپ کی عمر کے بارے میں آپ سے زیادہ فکر مند ہوتے ہیں۔ وہ آپ کے سامنے آئینہ رکھنا چاہتے ہیں، جیسے کہ آپ کے پاس گھر پر آئینہ نہ ہو۔ عمر ایک دن میں نہیں بڑھتی، یہ روزمرہ کا تجربہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انڈسٹری میں اکثر خواتین کو بات چیت میں مہارت یا ڈپلومیسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اکثر کہا جاتا ہے کہ اگر کسی فلم کا حصہ نہیں بننا، تو اصل وجہ نہ بتائیں، بس تاریخوں کا بہانہ بنائیں لیکن میں ایسا نہیں کرتی، اگر مجھے کہانی پسند نہیں، تو مجھے پسند نہیں، اور میں یہی کہتی ہوں۔
تبو کی حالیہ فلم ’بھوت بنگلا‘ ریلیز ہو چکی ہے اور وہ ابھی نگرانجنا اککینی کی 100 ویں فلم ’کنگ100‘ کی شوٹنگ کے لیے تیار ہیں۔
اس فلم کی کہانی بالی وڈ میں خواتین کی جدوجہد اور ان کے لیے معیار کی سختیوں کی عکاسی کرتی ہے۔



